سان فرانسسکو(ایجنسیاں): انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن (آئی ڈی سی) نے کہا ہے کہ سمارٹ فون بنانے والی ایپل کمپنی گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں سب سے زیادہ سمارٹ فونز فروخت کرنے والی دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔
ایپل کمپنی نے اپنی حریف کمپنی سام سنگ کو سمارٹ فونز سیلز میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آئی ڈی سی کے مطابق ایپل نے گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں 73.8 ملین موبائل فونز مختلف ممالک میں فروخت کیے۔
آئی ڈی سی نے کہا ہے کہ ایپل کے نئے ہینڈ سیٹ اپنی حریف کمپنی سام سنگ کی نسبت کم قیمت اور کوالٹی میں بہتری کی وجہ سے امریکہ، یورپ اور دنیا کے کئی ملکوں میں زیادہ مقبول ہیں۔
سٹریٹیجی اینالیٹکس نیل ماؤسٹن نے کہا ہے کہ ایپل جو کچھ عرصہ سے سام سنگ سے پیچھے تھا اب iPhone 11 آنے کے بعد اس کے سیلز میں اضافہ ہوا ہے، ایپل فونز کی مانگ میں ایشیا اور شمالی امریکہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
آئی ڈی سی نے کہا کہ سام سنگ نے ایپل کے مقابلے میں 69.4 ملین موبائل فونز مارکیٹ میں اتارے جو اب دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
آئی ڈی سی کے مطابق ہواوے نے مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں 56.2 ملین موبائل فونز مارکیٹ میں بھیجے جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 7 فیصد کم ہے۔
گزشتہ سال سام سنگ نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ موبائل فونز فروخت کیے تھے۔