اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انکی وزارت آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کو 30 ارب ڈالرز کا ایکسپورٹ پلان پیش کرے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری نے کہا کہ ’’سائنس اور ٹیکنالوجی میں 1970ء کی دھائی تک پاکستان تیسری دینا کے اکثر ممالک سے بہت آگے تھا، 1971ء میں سانحہ مشرقی پاکستان ہوا، ہمارا تمام ترفوکس دفاع پر چلا گیا۔‘‘
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ’’غلطی یہ ہوئی کہ امریکہ اور چین کی طرح سول ملٹری انٹرفیس بناتے، ملٹری ریسرچ سول اور سول ریسرچ ملٹری شعبوں میں ٹرانسفر ہوتی، لیکن ایسا نہیں ہوا تاہم اب پوری کوشش ہے کہ ایسا نظام تشکیل دیں کہ سول ملٹری ریسرچ کا انٹرفیس بنے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’اس ہفتے وزیر اعظم کو 30 ارب ڈالر کا ایکسپورٹ پلان پیش کریں گے، غیر روائتی برآمدات جن میں بائیوٹیکنالوجی کا سب سے بڑا حصہ ہو گا ہماری معیشت کو بدل کر رکھ دے گا۔‘‘
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ ایکسپورٹ پلان کے تحت ایسا ٹیکس سٹرکچر بنایا جائے گا کہ دنیا بھر سے لوگ پاکستان میں ٹیکنالوجی خاص طور پر بائیو ٹیکنالوجی کے میدان میں سرمایہ کاری کیلئے آئیں گے۔