ریگل آٹو موبائلز نے 10 لاکھ 49 ہزار روپے کی 800 سی سی ’پرنس پرل‘ متعارف کروا دی

973

لاہور: گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کو سستی گاڑیاں فراہم کرنے کیلئے ریگل آٹوموبائل انڈسٹریز لمیٹڈ نے طویل انتظار کے بعد اپنی 800 سی سی ’’پرنس پرل‘‘ متعارف کروا دی ہے جس کی قیمت 10 لاکھ 49 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

گاڑی یکم فروری سے پاکستان بھر کے شورومز میں دستیاب ہے۔

پرافٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ریگل آٹوموبائلز کے آپریشنز ڈائریکٹر طیب نصیر نے بتایا، ’’ہم نے پرنس پرل کے 400 سے 500 یونٹس تیار کیے ہیں۔ مارکیٹ میں مقابلے کی تیز رفتار دوڑ کی وجہ سے ہم اپنی پروڈکٹ کی تشہیر کیلئے کارپوریٹ سیکٹر کیساتھ بھی معاہدے کر رہے ہیں۔’’

طیب نصیر نے پرنس پرل گاڑی کے فیچرز بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں ای ایف آئی انجن دیا گیا ہے، اسکے ساتھ پاور ونڈوز، پاورسٹئرنگ اور جدید ترین ملٹی میڈیا سسٹم دیا گیا ہے، گاڑی خریدنے پر 3 سال یا 60 ہزار کلومیٹر سفر کی گارنٹی دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سستی گاڑیاں متعارف کروا کر پاکستان میں تین کمپنیوں کی اجارہ داری کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔

طیب نصیر نے کہا کہ انکی کمپنی ہلکی، کمرشل، پسنجر اور سی یو وی تمام قسم کی گاڑیاں متعارف کروا رہی ہے اور کسٹمرز کو گاڑی خریدنے کے بعد ہر قسم کی تکنیکی و فنی معاونت فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہا ریگل آٹوز نے پاکستان کی صنعتی و معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے اور روزگار پیدا کرنے کیلئے اس پروجیکٹ میں 1.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here