لاہور: وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ (ایف آئی ای) میں اب تک 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔
انہوں نے اپنے دفتر میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا مرکز بن چکا ہے جس کی وجہ سرمایہ کاری کے لیے حوصلہ افزا اور سازگار ماحول کی فراہمی ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ چینی زبان میں ابلاغ میں آسانی پیدا کرنے کے لیے خصوصی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی و سرکاری شعبہ میں 7 خصوصی معاشی زون قائم کیے جا چکے ہیں۔
وزیر صنعت و تجارت نے وفد کو آگاہ کیا کہ صوبائی محکمہ صنعت کو اب تک پنجاب میں نئے سیمنٹ پلانٹ نصب کرنے کے لیے مجموعی طور پر 18 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے سیمنٹ پلانٹس کی تنصیب سے ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی امید کی جا رہی ہے۔
میاں اسلام اقبال نے کہا کہ محکمہ صنعت سیمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں پر 10 روز کے اندر اندر کام مکمل کر لے گا جنہیں بعدازاں مزید کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو ارسال کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صنعتکاری کو فروغ دینے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔