اسلام آباد: حکومت نے ماہِ فروری کے دوران پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ڈیزل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بالترتیب 2.47 روپے فی لیٹر اور 1.1 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔ اوگرا نے پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں بالترتیب 0.06 پیسہ فی لیٹر اور 0.66 پیسہ فی لیٹر کمی کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔
تاہم، حکام نے اب فروری کے مہینے میں پیٹرول کی موجودہ قیمت 116.60روپے فی لیٹر میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک اعلیٰ سرکاری افسر نے کہا ہے کہ اوگرا نے سمری وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کو ارسال کر دی ہے جو اسے حتمی اجازت کے لیے وزارت خزانہ کو ارسال کر دے گا جس کے بعد ہی سرکاری طور پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ واضح رہے کہ پاکستان جولائی 2019 سے سعودی عرب سے ماہانہ بنیادوں پر 275 ملین ڈالر مالیت کی آئل سپلائز حاصل کر رہا ہے۔ اس بندوبست کے تحت پاکستان تین برسوں میں 9.9 ارب ڈالر کی آئل سپلائز حاصل کرے گا۔