اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دہندگان کی آسانی کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کی تاریخ میں 28 فروری 2020 تک توسیع کر دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214 اے کے تحت حاصل اختیارات کے تحت ایف بی آر 2019 کے ٹیکس سال کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز، سٹیٹمنٹ فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہے۔ وہ لوگ جنہوں نے 2019 کے ٹیکس سال کے لیے ٹیکس ریٹرنز قبل ازیں گزشتہ برس 30 ستمبر اور بعدازاں توسیع شدہ تاریخ 31 جنوری 2020 تک جمع کروانے تھے لیکن وہ اس میں ناکام رہے، وہ اب اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز 28 فروری 2020 تک جمع کروا سکیں گے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے اس سے قبل 2019 کے ٹیکس سال کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کی ڈیڈلائن میں 31 جنوری 2020 تک توسیع کی تھی۔