اسلام آباد: ملک بھر میں 46 ریٹیلرز نے پوائنٹ آف سیل (POS) سافٹ وئیر کے ذریعے اپنے کاروبار کو فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (FBR) کے نظام کیساتھ منسلک کر لیا ہے۔
یہ سافٹ وئیر استعمال کرنے والے ریٹیلرز کے نام، شہر، رابطہ نمبرز اور ویب سائٹس سے متعلق تمام تفصیلات ایف بی آر نے اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی ہیں۔
پوائنٹ آف سیل کو استعمال کرنے والے زیادہ تر ریٹیلرز کا تعلق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی سے ہے۔
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006ء میں ترمیم کرکے ملک بھر میں ریٹیلرز کے لیے پوائنٹ آف سیل انوائسنگ سسٹم کی تنصیب کو لازمی قرار دیا تھا تاکہ ٹیکس جمع کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ریٹیلرز کی سیلز کی تفصیلات ایف بی آر کے پاس پہنچتی رہیں۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ جون 2020ء تک 20 ہزار کاروباری اداروں کو پوائنٹ آف سیل انوائسنگ سسٹم کیساتھ منسلک کردیا جائے گا۔