اسلام آباد (اینجسیاں): ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) ارجنٹائن میں 20 سے 23 اپریل کو منعقد ہونے والی ٹیکسٹائل نمائش میں شرکت کرے گی۔
ٹڈاپ نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ارجنٹائن میں ٹیکسٹائل فیئر میں پاکستان 3 نمائشوں میں شرکت کرے گا جن میں ایمیٹکس، سائمیٹکس اور کنفیماک شامل ہیں۔
یہ نمائشیں زیادہ تردھاگہ یا فیبرک، مشینری اور ٹیکسٹائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے منعقد کی جائیں گی۔
ٹی ڈی پی اے کے مطابق اسے جنوبی امریکی خطے میں گارمنٹس اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش سمجھا جاتا ہے۔
ٹی ڈی پی اے نے دعوی کیا ہے کہ اسے جنوبی امریکا میں میسے فرنکفرٹ طرز کی نمائش قرار دیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کرتے ہیں۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ اس قسم کی نمائش سے نہ صرف پاکستانی صنعت کاروں کو جنوبی امریکی خطے کی مارکیٹ کو سمجھنے کا موقع ملے گا بلکہ وہ پاکستان کےلیے سرمایہ کاری بھی حاصل کر سکیں گے۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نمائش میں شرکت کیلئے دھاگے، اون اور اونی کپڑوں اور مشینری وغیرہ کے سٹالز لگانے پر سبسڈی بھی دے گی۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ نمائش میں شمولیت کیلئے 6 فروری تک درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔