سی پیک کے دوسرے مرحلے میں منصوبے تیزی سے مکمل کیے جائیں: وزیراعظم عمران خان

784

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں زیر تعمیر منصوبے تیزی سے مکمل کیے جائیں۔

بدھ کو اسلام آباد میں سی پیک کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی شعبوں خاص طور پر غربت کم کرنے اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے چین کے تجربے سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو سی پیک کے مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے سی پیک  کے دوسرے مرحلے میں متلعہ اتھارٹی کو مختلف منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں کو جلد حتمی شکل دینے اور ان کی بروقت تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو منصوبوں کی تکمیل کی مدت متعین کرنے اور بین الوزارتی تعاون کو مزید موثر بنانے کا بھی کہا تاکہ معینہ مدت میں مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سی پیک فیز ٹو کے منصوبوں کے اگلے جائزاتی اجلاس میں منصوبوں کی تکمیلی مدت، عملدرآمد، درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریف کیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور روڈ نیٹ ورک کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گوادر بندرگاہ اور ایئرپورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے۔

اسی طرح اورنج لائن منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here