مرتضیٰ سید 3 سال کیلئے سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر مقرر

ڈاکٹر مرتضیٰ سید میکرواکنامک ریسرچ اور پالیسی سازی میں 20 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں اور 16 سال آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرچکے ہیں

753

لاہور (ویب ڈیسک): ڈاکٹر مرتضیٰ سید کو آئندہ 3  سال کےلیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کا ڈپٹی گورنر مقرر کر دیا گیا۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مرتضیٰ سید  کی بطور ڈپٹی گورنر تعیناتی مرکزی بینک ایکٹ 1956ء (ترمیمی) کے سیکشن 10(4) کے تحت کی گئی ہے۔

مرتضیٰ سید نے 27 جنوری 2020ء سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

ڈاکٹر سید میکرواکنامک ریسرچ اور پالیسی سازی میں 20 سال سے زائد عرصہ کا تجربہ رکھتے ہیں اور 16 سال آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

انہوں نے آئی ایم ایف کے انسٹی ٹیوٹ آف کپیسٹی ڈویلپمنٹ میں مشیر کے عہدے سے مستعفی ہوکر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی ہے۔

وہ دنیا بھر میں آئی ایم ایف کے تربیتی اور فنی معاونت کے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور انکے نفاذ کی نگرانی کر چکے ہیں۔

قبل ازیں ڈاکٹر سید آئی ایم ایف کے اسٹریٹجی، پالیسی اینڈ ریویو ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی ڈویژن چیف بھی رہ چکے ہیں۔

ڈپٹی گورنر کولمبیا، قبرص، یورو ایریا، جاپان اور کوریا سمیت مختلف ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ معیشتوں میں آئی ایم ایف کے پروگراموں کی نگرانی کرتے رہے ہیں۔

مرتضیٰ سید 2010ء سے 2014ء تک چین میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندے اور مکاؤ میں مشن چیف رہ چکے ہیں۔

جہاں وہ مختلف ابھرتی ہوئی مارکیٹس اور ترقی پذیر ممالک کے حوالے سے کام کرتے رہے۔

آئی ایم ایف میں فسکل افیئرز ڈپارٹمنٹ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے کیا جس کے بعد وہ ایشیا اینڈ پیسفک ڈپارٹمنٹ میں چلے گئے۔

ڈاکٹر سید نے اپنے کیریئر کا آغاز 90ء کی دہائی کے اواخر میں پاکستان کے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر محبوب الحق کے اسلام آباد میں قائم کردہ ہیومن ڈویلپمنٹ سینٹر میں سینئر پالیسی تجزیہ کار کی حیثیت سے کیا۔

بعد میں انہوں نے برطانیہ کے ممتاز پبلک پالیسی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار فسکل اسٹڈیز لندن میں کام کیا۔

جہاں انہوں نے سرمایہ کاری اور روزگار سے متعلق متعدد تحقیقی منصوبوں پر کام کیا اس کے ساتھ لاطینی امریکہ کے انسداد غربت کے دو بڑے پروگراموں کی نگرانی بھی کی۔

ڈاکٹر سید نے یونیورسٹی آف آکسفورڈ سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

وہ میکرواکنامکس سے متعلق کئی موضوعات پر مقالات شائع کر اچکے ہیں جن میں مالیاتی اور زری پالیسی، مالی استحکام، معاشی بحران، سرمایہ کاری، آبادیات، غربت اور عدم مساوات شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here