اسلام آباد: پاکستان کسٹمز اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس (ANF) نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے بڑی مقدار میں اعلیٰ برانڈ کے سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی لیکن مسافروں کو جانے دیا۔
ہفتہ کی رات اسلام آباد ائیرپورٹ پر مانچسٹر جانے والے 3 افراد سلطان باسط، عارف اختر اور حفصہ سلطان کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اعلیٰ برانڈ کے سیگریٹس کے 250 پیکٹ برآمد ہوئے جو وہ ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے مانچسٹر لے جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اور انہیں سفر کی اجازت دے دی گئی۔
ملزمان سے برآمد ہونے والے سگریٹس کی مالیت 0.7 ملین روپے بتائی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے تینوں ملزمان کو مناسب تلاشی کے بغیر کلئیر کرنے کی کوشش کی کیونکہ وہ اے این ایف کے ایک انسپکٹر سے رابطے میں تھے۔
ذرائع کے مطابق جب تینوں ملزمان سامان کی کلئیرنس کیلئے قطار میں موجود تھے تو مذکورہ انسپکٹر نے قطار سے ہٹا کر انکا سامان کلئیر کروانے کی کوشش کی۔
مشکوک سرگرمی دیکھ کر وہاں موجود کسٹمز اہلکاروں نے ملزمان کو سامان کی تلاشی دینے کا کہا لیکن انہوں نے اصرار کیا کہ اُن کے بیگز میں کپڑوں کے سوا کچھ موجود نہیں۔
کسٹمز اہلکاروں نے بیگز کی تلاشی لی تو بڑی مقدار میں برانڈڈ سگریٹ برآمد ہوئے اس کے باوجود اے این ایف اور کسٹمز حکام نے تینوں ملزمان کو سامان کے بغیر سفر کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ پر یہ معمول بن چکا ہے کہ اے این ایف اہلکار مناسب چیکنگ کے بغیر سامان کلئیر کردیتے ہیں اور کسٹمز اہلکار بھی اس گندے کھیل کا حصہ بن چکے ہیں۔
حال ہی میں حکومت نے بیرون ملک رقم یا اشیاء لے جانے کے حوالے سے نئے قوانین نافذ کیے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ حکام مذکورہ قوانین کو نافذ کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔