غیر ملکیوں، پاکستانی نژاد شہریوں کو پاکستان آنے پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

687

کراچی: وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے غیر ملکیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک آمد پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے انٹرنیشنل کسٹمز ڈے کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کسٹم حکام کی تعریف اور ملکی معیشت کے لیے ان کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا،غیرملکیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے اور کسٹم حکام کو اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنے کے علاوہ اپنے ادارے کی ساکھ بھی بہتر بنانی ہے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران پاکستان کا رُخ کرنے والے لوگوں کی تعداد دگنا ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، پاکستان کسٹمز پاکستان کا چہرہ ہے اور قومی اہداف کے حصول کے تناظر میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا، حکومت نے معاشی ترقی کے لیے عالمی تجارت کے تناظر میں ترجیحات کا تعین کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، مرکزی حکومت دوسرے سرکاری اداروں کی طرح کسٹمز کو بھی وسائل فراہم کرے گی۔

حفیظ شیخ نے ایک اور تقریب پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی جانب سے سے متعارف کروائی گئی موثر پالیسیاں اور معاشی اصلاحات ثمر آور ثابت ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، حکومت نے کاروباری برادری کے لیے دوستانہ ماحول کو فروغ دیا ہے اور برآمدات بڑھانے کےلیے موثر اقدامات کے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چھ ماہ سے سٹیٹ بنک آف پاکستان سے کوئی قرضہ نہیں لیا، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ پانچ ماہ سے اضافہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا، حکومت بجٹ کے مسائل کے باوجود غریب عوام کے لیے سہولیات فراہم کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here