مسافر بردار طیارے بنانے والی امریکی کمپنی بوئنگ نے دنیا کے سب سے بڑے طیارے 777 ایکس کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ اس طیارے کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں دو انجن نصب ہیں۔
یہ واضح کر دینا بھی ضروری ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران بوئنگ 737 میکس طیاروں کو دو حادثات پیش آئے جن میں 346 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد سے بوئنگ مارکیٹ میں اپنی ساکھ بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے اور بوئنگ 777 ایکس کی کامیاب آزمائشی پرواز کو ایسی ہی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
طیارے نے امریکی شہر سیاٹل سے پرواز بھری اور یہ چار گھنٹوں تک فضا میں رہا۔ قبل ازیں، رواں ہفتے شدید ہوائوں کے باعث آزمائشی پرواز کو دو مرتبہ ملتوی کیا گیا۔
اس طیارے نے فی الحال مزید آزمائشوں سے گزرنا ہے جس کے بعد ہی یہ متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن کمپنی ایمیریٹس کے فضائی بیڑے میں شامل ہو سکے گا۔
777 ایکس کو اب تک لانچ کر دیا جانا تھا لیکن چند تکنیکی وجوہ کے باعث اس کی لانچنگ تاخیر کا شکار ہو گئی۔
طیارہ 252 فٹ لمبا ہے اور یہ منی جمبو 777 کا ایک بڑا اور زیادہ موثر ورژن ہے۔ اس کی دیگر خصوصیات میں اس کے پروں کے مڑ سکنے والے کنارے اور اس میں نصب دنیا کے سب سے بڑے کمرشل انجن اسے منفرد بناتے ہیں۔
بوئنگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے 44 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے اس طیارے کے 309 یونٹس فروخت بھی کر دیے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طیارے کا مقابلہ ایئربس کے اے 1000-350 سے ہو گا جس میں 360 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔