اسلام آباد: چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (FIEDNC) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی فرنیچر انڈسٹری سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور عالمی مارکیٹوں میں شئیر حاصل کرنے کیلئے اس انڈسٹری کی سرپرستی کرے گی۔
فرنیچر پروڈیوسرز اینڈ ایکسپورٹرز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 200 ایکڑ پر جدید ترین ’فرنیچر سٹی‘ بنایا جائیگا، جس سے نہ صرف فرنیچر انڈسٹری میں سرمایہ کاری آئیگی بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ فرنیچر سٹی کا مقصد چھوٹے کاروبار کے حامل لوگوں کو عالمی معیار کا فرنیچر بنانے کے قابل بنانا ہے۔
کاشف اشفاق نے کہا کہ ایک سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائیگا جہاں کاریگروں اور اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والے طالبعلموں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فرنیچر بنانے کی تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کی سہولت متعارف کرائی جائیگی تاکہ فرنیچر پروڈیوسرز نئے یونٹس لگانے کیلئے بآسانی سرکاری محکموں کے ساتھ رابطہ رکھ سکیں، اس کے علاوہ انہیں مکمل کاروباری ماحول فراہم کیا جائیگا۔
فرنیچر پروڈیوسرز کو نمائشوں اور تجارتی شوز کیلئے گرانٹس فراہم کرکے معاونت بھی دی جائیگی۔
انہوں نے کہا برآمدات میں اضافے کی وجہ سے تمام معاشی اعشاریہ بہتر ہو رہے ہیں اور تمام بڑی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کی بہتری اور معاشی اصلاحات کی تعریف کر رہی ہیں۔
میاں کاشف کے مطابق کئی بیرونی کمپنیاں پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری میں سرمایہ کاری سمیت مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے میں گہری دلچسپی دکھا رہی ہیں۔