مہنگائی کے باوجود سونے کی درآمد میں 5 فیصد اضافہ

جولائی سے دسمبر کے دوران پاکستان میں  9.168 ملین ڈالر کا سونا درآمد کیا گیا

610

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کے باوجود رواں مالی سال 2019-20ء کے دوران سونے کی درآمد میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (PBS) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2019-20ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران گزشتہ مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ کی نسبت سونے کی درآمدات میں 4.78 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019-20ء میں جولائی سے دسمبر کے دوران پاکستان میں  9.168 ملین ڈالر کا سونا درآمد کیا گیا جبکہ مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ (جولائی تا دسمبر) سونے کی درآمدات 8.750 ملین ڈالر رہی تھیں۔

تاہم ادارہ برائے شماریات کے مطابق اس عرصہ میں سونے کی درآمدی مقدار میں فرق نہیں آیا کیونکہ رواں اور گزشتہ مالی سال کے مذکورہ دورانیے (جولائی سے دسمبر) میں سونے کے کاروبار سے وابستہ پاکستانی زرگروں نے 223 کلوگرام سونا باہر سے منگوایا۔

سال بہ سال سونے کی درآمدات کی بات کی جائے تو دسمبر 2018ء میں پاکستان میں 0.931 ملین ڈالر کا سونا درآمد کیا گیا جبکہ دسمبر 2019 میں اسکی درآمد 85.28 فیصد بڑھ کر 1.725 ملین ڈالر تک چلی گئی۔

سونے کی درآمدات کا ماہانہ بنیادوں پر موازنہ کیا جائے تو دسمبر 2019ء میں سونے کی درآمد میں 3.95  فیصد کمی واقع ہوئی کیونکہ نومبر 2019ء میں 1.1976 ملین ڈالر کا سونا درآمد کیا گیا تھا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 34 فیصد کمی ہوئی ہے، جولائی سے دسمبر تک تجارتی خسارہ 11.628 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران تجارتی خسارہ 16.771 ارب ڈالر تھا۔

 اسی طرح جولائی سے دسمبر تک پاکستان کی برآمدات میں 3.17 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 17.13 فیصد کمی ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here