کراچی(مریم علی): پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے ڈاکٹر فاخرہ رضوان کو نئی کمپنی سیکرٹری تعینات کر دیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 جنوری کو کمپنی سیکریٹری محمد رفیق عمر کو عہدے سے ہٹا کر انکی جگہ فاخرہ رضوان کو تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فاخرہ جون 2017ء سے اورکس لیزنگ پاکستان لمیٹڈ میں کمپنی سیکریٹری اور لیگل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ کے طور پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ اس سے قبل 2014 سے 2017 تک وہ البراکہ بینک میں انہی عہدوں پر کام کر چکی ہیں۔
ڈاکٹر فاخرہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی کے شعبہ قانون میں وزٹنگ فیکلٹی ممبر بھی ہیں اور ’’کارپوریٹ ٹیک اوورز اینڈ مرجرز‘‘ کی مصنفہ ہیں۔
انہوں نے سندھ مسلم لاءا کلج سے قانون میں گریجوایشن جبکہ ملائشیا کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے کارپوریٹ لاء میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر فاخرہ کی تعیناتی سے قبل ایکٹنگ مینجنگ ڈائریکٹر محمد رفیق عمر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بطور کمپنی سیکرٹری اور ہیڈ آف لیگل افئیرز خدمات سرانجام دے رہے تھے جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کیساتھ 2001ء سے وابستہ ہیں۔