اسلام آباد(سٹاف رپورٹر): پاکستان کے دورے پر آئے روسی وفد نے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بدر سے ملاقات کی جس میں نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت کی۔
روسی وفد کی قیادت روس کے نائب وزیر برائے توانائی اناطولی تکونوف نے کی۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق، وہ پائپ لائن منصوبے پر ساتویں جے سی سی سیشن میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
عمر ایوب نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پراجیکٹ کی شفافیت، معاشی طور پر قابل عمل اور دونوں ملکوں کے لیے مفید ہونے پر زور دیا۔
انہوں نے پائپ لائن منصوبے کو پاکستان اور روس کے درمیان کاروباری و توانائی کے شعبوں میں تعاون کے تناظر میں اہم ترین منصوبہ قرار دیا۔
ندیم بدر نے پاکستان میں توانائی کے حالات مختصراً بیان کیے، انہوں نے ان منصوبوں پر روشنی ڈالی جنہیں موجودہ حکومت ملک میں تیل و گیس کی سپلائی اور ان کی سکیورٹی کے لیے حتمی شکل دے چکی ہے۔
انہوں نے این ایس جی پی منصوبے کو پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے تناظر میں اہم ترین پیشرفت قرار دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے روس کو پاکستان میں تیل کی تلاش اور پروڈکشن کے شعبوں میں دلچسپی لینے پر خوش آمدید کہا جن میں ان 18 بلاکس کی نیلامی بھی شامل ہے جو رواں ہفتے ہونی ہے۔