اسلام آباد(سٹاف رپورٹ): ملک میں جاری آٹے کے بحران پر ابھی قابو نہیں جا سکا کہ بیشتر شہروں میں چینی بھی مہنگی ہو گئی ہے جس کے بعد عام آدمی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
آٹے کے بحران کے خاتمے کے لیے سوموار کو اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی کو بتایا گیا کہ درآمد شدہ گندم 15 فروری تک پاکستان پہنچنا شروع ہو جائے گی۔
درآمد شدہ گندم 31 مارچ 2020 تک ملک میں لائی جا سکے گی جبکہ پنجاب اور پاکستان ذرعی ذخائر اور سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے پاس پڑے 41 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر سے گندم کی فراہمی کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آٹے کا بحران برقرار:
کئی چھوٹے بڑے شہروں میں آٹے کا بحران تاحال جاری ہے، لاہور میں بیشتر دکانوں پر 10 اور 20 کلو کے آٹے کا تھیلہ دستیاب نہیں ہے۔ دکانداروں کےمطابق انہیں دو ہفتوں سے آٹے کی سپلائی نہیں مل رہی جبکہ چکیوں پر بھی آٹے کی فی کلو قیمت 70 روپے برقرار ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی آٹے کے بحران کی وجہ سے نان بائی ہڑتال پر ہیں۔
خیبرپختونخوا آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب سے فائن آٹے کی ترسیل بحال ہوگئی ہے، آٹا لے کرگاڑیاں آج (منگل) پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کمی کردی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 1090 روپے ہوگی۔
ادھر بلوچستان میں بھی محکمہ خوراک کے پاس فلور ملز کو دینے کے لیے گندم موجود نہیں ہے اور رواں سیزن میں صوبائی حکومت گندم کی خریداری نہیں کرسکی۔
کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1400 روپے اور 50 کلو گرام کا تھیلا چھ ہزار میں مل رہا ہے جب کہ ڈیلرز کے مطابق قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
چینی بھی مہنگی:
دوسری جانب آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گی ہے۔
سندھ، بلوچستان اور پنجاب کی مارکیٹوں میں فی کلو چینی 5 روپے مہنگی کردی گئی ہے جس کے باعث مٹھائی، کیک، بیکری آئٹمز اور دیگر میٹھی اشیاء کی قیمتوں میں 100 سے 150روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔
لاہور میں فی کلو چینی کی قیمت ڈھائی روپے بڑھا کر 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ پشاور میں چینی کی قیمت 73 روپے فی کلو تھی جو اب 5 روپے اضافے کے بعد 78 روپے ہوگئی ہے۔
کراچی میں چینی کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد فی کلو چینی 78 روپے ہو گئی ہے جب کہ کوئٹہ میں فی کلو چینی 5 روپے اضافے کے ساتھ 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔