علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم ہوں گی، چیئرمین فیڈمک

1245

فیصل آباد: فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں برآمدی صنعتوں سمیت ہر قسم کی سرمایہ کاری کرنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم ہوںگی، ملکی برآمدات اور قیمتی زرمبادلہ میں نمایاں اضافہ ہوگا، اداروں کی مضبوطی، معاشی استحکام اور عوام کو غربت سے نکال کر ان کا معیار زندگی بلند کرنا وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی اور ان کا معاشی وژن ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کو سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زون کے ترجیحی میگا پراجیکٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے سنگ بنیاد کے موقع پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں حکومت عوام کے مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ برآمدی صنعتوں سے ملکی برآمدات اور قیمتی زرمبادلہ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
میاں کاشف نے کہا کہ فیڈمک کی طرز پر مزید خصوصی اقتصادی زون بنانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ان منصوبوں سے ملکی برآمدات میں ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالر سالانہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا بہترین امتزاج ہے اور سی پیک کے تحت یہ ملکی ترقی میں معاشی انجن کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد پاکستان کے قلب میں انتہائی اہم جگہ پر واقع ہے اور مشرقی اور مغربی اطراف سے گذرنے والی دو موٹر ویز سے منسلک ہے۔
اس شہر کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اس کا ٹیکسٹائل کی برآمدات میں حصہ 60 فیصد اور ملک کی مجموعی برآمدات میں45 فیصد ہے۔ یہ شہر صرف ٹیکسٹائل تک محدود نہیں بلکہ یہاں قائم کیمیکلز، سٹیل، فوڈ پراسیسنگ اور دیگر سینکڑوں ایس ایم ایز بھی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ فیڈمک کے چیئرمین نے مزید کہا کہ چین ، ترکی ، کوریا اور برطانیہ کے سرمایہ کار اب تک ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں اور پاکستان پر ان کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ اپنے ممالک سے مزید سرمایہ کاروں کو بھی سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے لئے لا رہے ہیں۔
اسی طرح بیس سے زائد چینی کمپنیوں نے 600 ملین ڈالرز سے زائد رقم کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ان سرمایہ کاروں نے پاکستان کے متنوع شعبوں خصوصاً سرامکس، کیمیکلز، اسٹیل، فوڈ پراسیسنگ اور آٹوموبائل سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر مطالبہ کرتے ہوئے کہا کسی بھی منصوبے کو چلانے کے لیے گیس اور بجلی کی فراہمی انتہائی اہم ہوتی ہے لہذا حکومت کو چاہیئے کہ اس منصوبے کے زیروپوائنٹ پر بجلی گیس کی فراہمی پی ایس ڈی پی کے فنڈز سے کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈمک نے 50 ایکڑ رقبہ فیصل آباد کے لیے مختص کر دیا ہے اور اس کی تکمیل کے لیے فنڈز ای ڈی ایف سے اہم کئے جائیں۔ فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون کے لیے چک جھمرہ انٹر چینج انتہائی ضروری ہے اور اس کو شروع کرنے کے لیے فوری طور پر فنڈز مختص کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں صنعتوں کو کاروباری آسانیوں کے ساتھ ساتھ اعلی معیار کے بنیادی ڈھانچے، بلا تعطل بجلی کی فراہمی، عوامی سہولیات اور خدمات تک فوری رسائی حاصل ہوگی۔
میاں کاشف نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ عمران خان ایک ایماندار ، خدمت کے جذبہ سے سرشار اور ذہین شخصیت ہیں جو پاکستان کو جدید اور خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here