استنبول: ترکی نے کہا ہے کہ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے امریکہ پابندیاں ختم کرے۔
یہ بات ہفتے کو ترکی کی وزیر تجارت Ruhsar Pekcan نے امریکی سیکریٹری تجارت ولبر روز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ترکی نے حال ہی میں امریکی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے روس سے ایس 400 مزائیل ڈیفنس سسٹم خریدا تھا جس کے بعد امریکا نے ترکی پر مختلف تجارتی پابندیاں عائد کردی تھیں، اس کے باوجود واشنگٹن اور انقرہ دو طرفہ تجارت کا حجم چار گنا بڑھا کر سالانہ 100 ارب ڈالر کرنے کے خواہاں ہیں۔
ترکی کی وزیر تجارت نے کہا کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب سے ترکی پر سے وہ تمام پابندیاں ہٹانے کی بات کی ہے جس کی وجہ سے دو طرفہ تجارت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سول ایوی ایشن، آٹو موٹیوز، جیولری، فرنیچر، ٹیکسٹائل سیکٹرز میں تجارت بڑھا سکتے ہیں۔
اس سے قبل مئی میں وائٹ ہائوس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ امریکہ ترکی کیساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ ختم کر رہا ہے کیونکہ ترکی کی معاشی ترقی ایسی سطح پر ہے جہاں اسے معاشی مدد کی بالکل ضرورت نہیں۔
ترکی میں امریکی سفارتخانے کی جانب بیان کے مطابق فریقین نے دو طرفہ تجارت کو 100 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کی صورت میں مزید محنت کرنے پر اتفاق کیا ہے، 2017 میں دونوں ممالک کے مابین سالانہ تجارت 24 ارب ڈالر تھی۔ دونوں ممالک میں مزید بات چیت آئندہ ہفتے انقرہ میں ہوگی۔