اسلام آباد: جان بچانے والی ادویات کی مقامی مارکیٹوں میں بحران سے بچنے کے لیے حکومت نے بھارت سے ادویات اور خام مال کی درآمد پر پابندی ہٹادی ہے۔
وزارت تجارت کے جاری کردہ ایس آر اوز میں کہا گیا ہے کہ بھارت سے دیگر اشیاء کی تجارت پر پابندی بحال رہے گی تاہم اس کا اطلاق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے ریگولیٹ ہونے والی مصنوعات پر نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ یہ استثنیٰ مفاد عامہ اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے پیش نظر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 5 اگست کو نئی دہلی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد پاکستانی حکومت نے 9 اگست کو بھارت سے تمام قسم کی تجارت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔