اسلام آباد: امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے مطالبے پر حکومت نے قطری شہریوں کو پاکستان آمد پر ’’ویزہ آن ارائیول‘‘ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے قطری شہریوں کیلئے ویزا آن آرائیول کیلئے وفاقی حکومت کی 3 شرائط پرعملدرآمد کیلئے وزارت خارجہ کو مراسلہ بھیج دیا ہے ۔ قطری شہریوں کیلئے ویزہ آن آرائیول سہولت حاصل کرنے کیلئے پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 6ماہ،تصدیق شدہ ریٹرن ٹکٹ اور1500امریکی ڈالر کے برابر رقم یا درست کریڈٹ کارڈ لازم قراردیا گیا ہے ۔
سفارتی، مخصوص اور عام پاسپورٹ رکھنے والے تمام شہری یہ سہولت حاصل کرسکیں گے ۔قطر کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی دلچسپی کے پیش نظر یہ سہولت دی گئی ۔ قطری شہریوں کو ایک یا ایک سے زائد داخلے کیلئے الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے ) کے بغیر کسی بھی داخلے کی صورت میں 30دن اور معیاد میں مزید 30 دن کے اضافے کیلئے مشروط ویز ے جاری ہو نگے۔ قطر کے سرمایہ کار پاکستان کے ا یئرپورٹس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
وفاقی کا بینہ کیمنظوری سے قبل وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی ہدایت اور وزارت خارجہ کے تعاون سے ویزہ پالیسی میں تبدیلی کی گئی۔ نئی ویزہ پالیسی کی شرائط طے ہونے کے بعد کابینہ ڈویژن کے ذریعے ویزہ پالیسی میں تبدیلی کیلئے کابینہ کی منظوری لی گئی۔
وزارت خارجہ کے مطابق قطر کی جانب سے پاکستانی شہریوں کیلئے قطر پہنچنے پر ویزہ کی سہولت دی جا رہی ہے ۔پاکستانی شہری قطر پہنچنے پرویزہ حاصل کر سکتے ہیں اور 30دن کیلئے ایک یاایک سے زائد داخلے کیلئے مدت میں 30دن کا مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے جس کیلئے 5 شرائط عائد کی گئیں ہیں۔ قطر جانیوالے پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کی معیا د کم از کم 6ماہ،تصدیق شدہ ریٹرن ٹکٹ،5 پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ،ہزار قطری ریال کے برابر رقم یا درست کریڈٹ کارڈ ہو ۔ 30 دن کا فری ویزہ جاری ہو گاجس میں ریٹر ن ٹکٹ کی تصدیق کے بعد 30دن کا مزید اضافہ کیا سکتا ہے ۔ وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ویزہ آن آرائیول کی سہولت دیگرممالک کیلئے بھی شروع کی جائیگی۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں سیاحت کو فروغ اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ویزہ آن آرائیول کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔