اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی مشترکہ ٹیمیں آج (پیر) سے ملک بھر سے اسمگل شْدہ اشیاء کے خاتمے کیلیے مارکیٹوں میں موجود غیر ملکی اشیاء کی درآمدی دستاویزات کی چیکنگ شروع کریں گی۔
اس حوالے چیئر مین ایف بی آرکی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، اس حوالے چئیرمین ایف بی آر نے گزشتہ روز ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسمگلنگ سے ملک کی مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری متاثر ہوتی ہے اور مقامی سطع پر روزگار اور حکومتی ریونیو بھی متاثر ہوتا ہے لہٰذا ہم سب مل کر سمگل شدہ اشیا کی خریداری روکنے کا عزم کریں۔
دوسری طرف ایف بی آر حکام نے بتایا ہے کہ چئیرمین ایف بی آر کی ہدایت پر آج سے ملک بھر میں سمگلنگ کے خلاف مہم شروع کی جارہی ہے جس کے لیے ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اور ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر حکام پر مشتمل خصوصی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
مشترکہ ٹیمیں آج سے ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں قائم مارکیٹوں کے دورے شروع کریں گی اور مارکیٹوں میں موجود درآمدی اشیاء کی چیکنگ کریں گی، ٹیمیں ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹمز اینٹلی جننس اور ڈائریکٹریٹ جنرل اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے مشترکہ تشکیل دی جارہی ہیں اور اس بارے ایف بی آرکو آگاہ کیا جارہا ہے۔