گلف ایئر کا فیصل آباد کے صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری افراد کیلئے رعائتی نرخوں پر سفری سہولیات کی فراہمی کا اعلان

707

گلف ایئر نے 31 دسمبر تک فیصل آباد کے صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری افراد اور ان کے اہل خا نہ کو رعائتی نرخوں پر سفری سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے جبکہ فیصل آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے پی آئی اے سمیت بعض دیگر فضائی کمپنیوں کی ڈومیسٹک و انٹر نیشنل پروازوں کی ماہانہ تعداد 52 تک پہنچ گئی ہے نیز اس ضمن میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور گلف ائیر کے درمیان ایک کارپوریٹ معاہدے پر دستخط بھی کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت گلف ایئر فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کو رعایتی نرخوں پر فضائی سفر کی سہولتیں مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔
اس سلسلہ میں ایک پر وقار تقریب ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد میں منعقد کی گئی جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے صدر سید ضیاء علمدار حسین جبکہ گلف ایئر کی طرف سے سیلز منیجر فیصل عبدالقادر نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ فیصل آباد کو بین الاقوامی تجارت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے جبکہ لاکھوں برآمد کنندگان ہر سال دنیا کے مختلف ممالک کیلئے سفر کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی کوششوں کی وجہ سے فیصل آباد ایئر پورٹ جو خسارے میں چل رہا تھا دوبارہ نفع بخش بن چکا ہے جبکہ پی آئی اے کے علاہ کئی غیر ملکی فضائی کمپنیاں بھی یہاں سے منافع بخش پروازیں چلا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل تک فیصل آباد سے صرف کراچی کیلئے چند پروازیں چلائی جاتی تھیں اور فیصل آباد کے فضائی مسافروں کو سفر کرنے کیلئے دوسرے شہروں سے پروازیں لینا پڑتی تھیں تاہم چیمبر کی کوششوں سے اب فیصل آباد سے ہر ماہ 52کے لگ بھگ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک پروازیں چل رہی ہیں جبکہ اب یہ ائیر پورٹ بھی خاطر خواہ منافع کما رہا ہے۔
انہوں نے گلف ایئر کی طرف سے فیصل آباد کی تاجر برادری کیلئے سہولتیں مہیا کرنے کا خیر مقدم اور کہا کہ اس معاہدہ کے تحت جہاں گلف ایئر کو خاطر خواہ ریونیو ملے گا وہیں فضائی سفر کرنے والوں کو بھی کم شرح پر ٹکٹیں ملیں گی۔ سید ضیاء علمدار حسین نے کہا کہ وہ اس کارپوریٹ ڈیل بارے اپنے ممبر ان کو آگاہ کررہے ہیں تاکہ وہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here