وزیراعظم نے ملک بھر میں بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا

ڈپٹی کمشنرز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہوں کو 30 ستمبر تک بےنامی جائیدادوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت، بے نامی جائیداد کا بعد میں پتہ چلنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا

594

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم کے حکم پر ملک بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہوں کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران 30 ستمبر تک اپنی رپورٹ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھجوانے کے پابند ہیں اور وزیرِ اعظم آفس کو بھی اس رپورٹ کی نقل بھیجی جائے گی۔

رپورٹ میں نشاندہی نہ کی جانے والی بے نامی جائیداد کا بعد میں پتہ چلنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور متعلقہ افسر کے خلاف بے نامی قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے 20 اگست 2019 کو ہونے والے اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومتیں متحرک کردار ادا کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم متعارف کرائی گئی تھی جس کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی ملک بھر میں بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا تھا۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here