ماہ جولائی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 73 فیصد کم ہوا

692

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2019ء کے دوران کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 57 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ جولائی 2018 کے دوران 2.13 ارب ڈالر خسارہ ہوا تھا اس طرح جولائی 2018ء کے مقابلے میں جولائی 2019ء کے دوران ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 1.551 ارب ڈالر یعنی 73 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مرکزی بینک کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں ملکی برآمدات 11 فیصد اضافے سے 2.2 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 26 فیصد کمی سے 4 ارب ڈالر رہیں۔
جولائی میں آمدن کا خسارہ 53 فیصد اضافے سے 61 کروڑ ڈالر رہا، یوں جولائی میں تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ ایک تہائی فیصد کمی کے بعد 2.93 ارب ڈالر رہا۔
خسارے کی فنانسنگ کیلئے 2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اہم رہیں، مالی سال 2019 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 21.84 ارب ڈالر وطن عزیز بھیجے ہیں۔
جولائی میں بھیجی جانے والی ترسیلات کے سبب ثانوی آمدن 2.35 ارب ڈالر رہی جبکہ بقایا خسارے کی فنانسنگ 55 کروڑ ڈالر قرض لے کر پوری کی گئی۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہونے سے قرض کی ضرورت 74 فیصد کم رہی اور مالی سال 2019 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مجموعی طور پر ساڑھے 13 ارب ڈالر رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here