سیئول: جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا ہے کہ جاپان کی برآمدی پابندیوں سے پیدا والے مسائل اور ان پابندیوں کے غیر منصفانہ ہونے کے بارے میں عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی کونسل کوآگاہ کیا جائے گا جو عملی طور پر فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے۔
سیئول میں وزارت تجارت، صنعت اور توانائی کے حکام نے کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں 23 اور 24 جولائی کو ڈبلیو ٹی او کی جنرل کونسل کے اجلاس میں جنوبی کوریا اس معاملے پر اپنا موقف پیش کرے گا۔
اس کونسل میں تمام 164 رکن ملکوں اور تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ وزارت کے مطابق جنوبی کوریا، ڈبلیو ٹی او کے دیگر رکن ملکوں کو اپنے موقف سے آگاہ کرے گا اوراس معاملہ پر ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔