فیصل آباد: محکمہ خوراک نے فلورملز مالکان کو گندم کی سپلائی روک دی جس سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ گئی۔ آٹے کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
فیصل آباد میں محکمہ خوراک کی جانب سے 1300 روپے فی من کے حساب سے فلور ملز کو دی جانے والی گندم کی سپلائی روک دی گئی جبکہ اوپن مارکیٹوں میں گندم 1450 روپے فی من فروخت ہونے کی وجہ سے فلور ملز مالکان نے بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جس سے شہری مشکلات کا شکار بن گئے۔
چئیرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کہتے ہیں کہ حکومت سارا سال گندم کی سپلائی کو یقینی بنائے تا کہ ہرسال اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کے مسئلے کو ختم کیا جا سکے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کہتے ہیں کہ حکومتی پالیسی کے مطابق اپریل سے ستمبر تک گندم کی سپلائی روک دی جاتی ہے لیکن رواں مہینے کے آخر تک سرکاری طور پر گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
شہری کہتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کاغذی کاروائیوں کی بجائے عملی اقدامات اُٹھاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کرے۔