اسلام آباد: حکومت نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے پر سوچ بچار شروع کردی اور اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو دو دن میں تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے.
“منافع” کو دستیاب ایک مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو اسٹبلشمنٹ ڈویژن کیساتھ ساتھ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور محکمہ خزانہ سے بھی مشاورت کرنے اورفیصلے کے اطلاق پر قانونی، مالی اور انتظامی اثرات کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اس ضمن میں وزیر اعظم ہاؤس سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومتوں کو بھی ہنگامی مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو روز کے اندر اپنی حتمی تجاویز وزیراعظم آفس کو ارسال کریں۔
یاد رہے کہ سرکاری ملازمین 60 سال کی عمر میں ریٹائر ہوجاتے ہیں، دو روز قبل خیبرپختونخوا حکومت نے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کا فیصلہ کیا جس کا اعلان بجٹ پر کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال کا اضافہ کرے گی جس کے بعد سرکاری ملازمین 60 کے بجائے 63 برس میں ملازمت سے سبکدوش ہوں گے۔