ہری پور: اکنامک بورڈ کمیٹی نے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کے اندر قائم تمام تجاوزات کو ختم کرنے کی منظوری دیدی، تمام انڈسٹری کی رابطہ سڑکوں پر فیکٹریوں کے باہر لگائے گئے تمام ہوٹل اور کیبن مالکان کو پہلے نوٹس جاری کئے جائیں گے، نوٹس پر عمل درآمد نہ کرنے والے افراد کی قائم کردہ تجاوزات کو ہیوی مشینری کے ذریعہ مسمار کر دیں گے، ٹرکوں اور مزدوروں کو انڈسٹری کی رابطہ سڑک پر کھڑا کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ایچ آئی اے اور اکنامک زون مینجمنٹ بورڈ کمیٹی کے چیئرمین ملک عاشق اعوان کی زیر صدارت بورڈ کمیٹی کی پانچویں اہم میٹنگ گذشتہ روز یہاں منعقد ہوئی۔ بورڈ کمیٹی ممبران میں حاجی عطاء الرحمن، اسٹیٹ منیجر فیصل حیات خان، منیجر فیصل عزیز خان، سہیل طارق اور انجینئر سرفراز خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ایک ایجنڈے پر بات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی رسک کی خاطر حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں تمام تجاوزات اور جگہ جگہ بنے تمام غیر قانونی ہوٹل اور کیبنوں کو فی الفور ختم کیا جائے گا، انڈسٹری کی اندرونی تمام رابطہ سڑکوں پر لوگوں اور مزدوروں کو کھڑا ہونے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، یہ اقدام ملک میں نئی جاری دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر کیا جا رہا ہے، اس سلسلہ میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں بھرتی جائے گی۔