اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر بجلی کی تقسیم کیلئے نجی مارکیٹ کے قیام کا عندیہ دے دیا.
منگل کو وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری متسودا سے ملاقات کی اور پاکستان میں انرجی مارکیٹ اور ویلنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا. ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان موجودہ تعلقات اور خاص طور پر انرجی سیکٹر میں تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا گیا.
وفاقی وزیر نے ملک میں بجلی کے تقسیم کاری نظام میں ویلنگ اور بجلی کی پرائیویٹ مارکیٹ کے قیام کی نوید سنادی، پرائیویٹ بجلی کی مارکیٹ سے صارفین اور بجلی بنانے والے دونوں ہی مستفید ہو سکیں گے.
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اس طرح کی مارکیٹس پہلے سے کام کررہی ہیں، صارف کی مرضی ہوتی ہے کہ اپنے طے شدہ ریٹ پر کسی بھی بجلی بنانے والے سے بجلی خرید سکتا ہے۔ پاکستان میں بجلی کی تقسیم کا موجودہ نظام ِ حکومت کی ملکیت ہے اس کو ویلنگ کے لئے دستیاب کرنے سے بجلی کی مارکیٹ قائم کرنے میں اہم سنگِ میل طے کرلیا جائے گا۔