اسلام آباد: برٹش ایئرویز نے دس سال بعد پاکستان کیلئے فضائی آپریشن بحال کردیا ہے اور اس کی پرواز بی اے ڈبلیو261 سوموار کو 240 مسافروں کو لیکر اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی.
وفاقی وزیر غلام سرور، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانی ذلفی بخاری نے ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیرغلام سرور خان نے برٹش ایئزویز کے پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ برٹش ایئرویز کے پاکستان میں آپریشن کے بحالی پرخوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی فضائی آپریشن کی بحالی سے ایوی ایشن ڈویژن کی حوصلہ افزائی ہوگیا اور اس کے باعث دیگر یورپی ملکوں کی فضائی کمپنیاں پاکستان سے رجوع کر رہی ہیں جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو فروغ ملے گا،3 جون کا دن ایوی ایشن کی تاریخ میں اہم دن ثابت ہوگا۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برٹش ایئر لائن کی پروازوں کا آغاز ترقی کی جانب گامزن پاکستان کا عکاس ہے اور نئے پاکستان اور اس کی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وہ کر دکھایا جو گزشتہ حکومتیں نہ کرسکیں۔ پروازوں کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا وزیراعظم عمران خان کے پرامن پاکستان کے بیانیے کی سچائی کو تسلیم کررہی ہے۔ کپتان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا مقصد حاصل کرکے رہیں گے۔
برٹش ایئرویز لندن سے اسلام آباد ہفتہ وار3 پروازیں چلائے گی.
یاد رہے کہ 10 سال قبل 2008ء میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل پر بم دھماکے کے بعد برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بند کردیا تھا۔