اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (Public Sector Development Program) کے تحت ترقیاتی منصوبوں کےلئے 582 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں جو جاری مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت مختص کردہ بجٹ کے 86.2 فیصد کے مساوی ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کے لئے 675 ارب روپے کا بجت مختص کیا گیا تھا ۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے لئے جاری کئے گئے فنڈز میں مختلف منصوبوں کے لئے 186.2 ارب روپے غیر ملکی امداد کی مد میں بھی جاری کئے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے جاری مالی سال کے دوران مختلف وزارتوں ، ڈویژنز اور متعلقہ محکموں کے لئے 232.1 ارب روپے جاری کئے ہیں جو مختص کئے گئے فنڈز کے 79.6 فیصد کے مساوی ہیں جبکہ ریلیز کئے گئے ترقیاتی فنڈز میں غیر ملکی امداد کے تحت 28.84 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ مالی سال کے لئے مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کے لئے 291.55 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔