مہمند ڈیم کی تعمیر شروع، 6 ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ

ڈیم کی تعمیر سے بے گھر ہونے والی مقامی آبادی کی آباد کاری پر 4 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے: چیئرمین واپڈا

576

لاہور: مہمند ڈیم کا تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے جو 6 سال میں مکمل ہوگا جبکہ ڈیم کی تعمیر کیلئے 6 ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

واپڈا کے مطابق مہمند ڈیم کا تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے اور چینی کمپنی کے نمائندے بھی پہنچ گئے ہیں۔

مہمند ڈیم سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور 16 ہزار 737 ایکڑ رقبہ سیراب ہوسکے گا. سالانہ 51 ارب 60 کروڑ آمدن حاصل ہوگی، اس ڈیم کی تعمیر کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ چارسدہ، پشاور اور نوشہرہ سیلاب سے محفوظ ہوجائیں گے۔

چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا کہنا ہے کہ ڈیم کی تعمیر کے لیے 6 ہزار ملازمین بھرتی کیے جائیں گے جبکہ ڈیم کی تعمیر سے بے گھر ہونے والی مقامی آبادی کی آباد کاری اور تحفظ پر 4 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جس سے علاقے میں سکول، کالج، ہسپتال، سڑکیں، واٹر سپلائی کی سکیمیں‌ تعمیر کی جائیں‌ گی.

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر سے سنگلاخ پہاڑ سرسبز ہوجائیں گے، بدقسمتی سے ماضی میں ہم پانی محفوظ نہیں کرسکے اور 90 فیصد پانی ضائع ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ 2 مئی کو وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ساتھ مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا، سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی تھی. مہمند ڈیم دریائے سوات پر تعمیر کیا رہا ہے اور اس کی تعمیراتی لاگت 2024ء تک 183 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع ہے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here