اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) شبر زیدی نے کہا ہےکہ ملک بھر میں ایک لاکھ کمپنیاں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) میں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 50 ہزار کمپنیاں ٹیکس ادا کرتی ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبر زیدی نے بتایا کہ شکایت آرہی تھیں کہ لوگوں کو نوٹس موصول نہیں ہورہے اور اکاؤنٹس منجمند کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایف بی آر حکام کو یہ ہدایت کی ہے کہ جس کا اکاؤنٹ منجمند کیا جائے اس کو24 گھنٹے پہلے آگاہ کیا جائے جبکہ اکاؤنٹس منجمد کرنے کے حوالے سے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ کمپنیاں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہیں جن میں ٹیکس فائلر50 ہزار کمپنیاں ہیں جبکہ قانون میں لکھا ہےکہ کمپنی کی آمدن ہو یا نہ ہو آپریشن ہو یا نہ ہو ریٹرن فائل کرنا ہے، ایس ای سی پی چیئرمین کو خط لکھا ہے، باقی 50 ہزار کمپنیوں کو وہ نکالیں یا میں نکالوں گا، نان فائلر کمپنیوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔