کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر منی ایکسچنج کمپنیوں کی بندش سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے.
ترجمان سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایکسچنج کمپنیوں کو ختم کرنے اور ڈالر صرف بینکوں سے حاصل کرنے کی خبریں افواہوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسچنج کمپنیاں ختم کرنے کی باتیں محض افواہیں ہیں اور ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ حکومت نے ایکسچنج کمپنیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ڈالر صرف سٹیٹ بینک یا دیگر نامزد بینکوں سے ہی ملیں گے۔ اور ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ ایکسچینج کمپبنیاں بڑی تعداد میں ڈالر خرید کر جان بوجھ کر ڈالر کا بحران پیدا کر رہی ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میںڈالر کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے.