کابینہ اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دے دی گئی، ذرائع

729

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دے دی ہے جسے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں جاری ہے، اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کو اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں اور ملکی موجودہ نظام تعلیم کے حوالے سے بریفنگ دی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ اسکیم کا اطلاق بے نامی بینک اکاؤنٹس پر بھی ہوگا، اسکیم عدالتوں میں زیر التوا کیسز کے لیے نہیں ہوگی۔ سنہ 2000 کے بعد سرکاری عہدہ رکھنے والے اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 دسمبر تک پراپرٹی ڈکلیئر کرنے والوں کے لیے 4 فیصد ٹیکس جبکہ 30 ستمبر تک پراپرٹی ڈکلیئر کرنے والوں کے لیے 2 فیصد ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح اسکیم کے تحت بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کے لیے 6 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا جبکہ اندرون ملک اثاثوں کی کل مالیت کا 4 فیصد ٹیکس ادا کر کے ظاہر کیا جا سکے گا۔
کابینہ اجلاس میں مدارس کو قومی دھارنے میں لانے پر اب تک کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ بیرون ملک قید پاکستانیوں کو قونصلر رسائی پالیسی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں قومی ائیر لائن کے چارٹر اور ایریل ورک لائسنس کی تجدید پر غور ہوگا جبکہ وفاقی کابینہ کراچی اور کوئٹہ کی خصوصی عدالت برائے انسداد منشیات کے ججوں کی تعیناتی، نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی اور مصر کے نیشنل مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی منظوری دے گی۔
کابینہ اجلاس میں چین کی جانب سے انسداد منشیات کے لیے عطیہ کردہ سامان پر ڈیوٹی کی چھوٹ کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
یاد رہے کہ 7 مئی کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
گزشتہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ایک بار پھر کرپشن کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی وزرا کو مزید اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا تھا تاہم اس سلسلے میں وفاقی وزرا کو مزید با اختیار بنانے کے لیے اہم فیصلے چند روزمیں کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here