لاہور: پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے حکام کے مابین آئندہ اجلاس 13 مئی (سوموار) کو سری لنکا میں ہوگا جس میں ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کو دی جانے والی تجاویز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائیگا.
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ساتھ مذاکرات کیلئے اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایس ای سی پی سمیت متعلقہ اداروں نے اپنی اپنی رپورٹس تیارکرلی ہیں.
اجلاس کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام مشکوک ٹرانزیکشنز کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیں گے.
اسی طرح سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے افسران کالعدم تنظیموں کے اثاثوں کے خلاف کی گئی کارروائی پر مشتمل رپورٹ پیش کریں گے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام منی لانڈرنگ پر قابو پانے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے.
نیکٹا نے بھی کلعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کی رپورٹ تیار کر لی ہے ، ایف اے ٹی ایف اجلاس میں سولہ مئی تک کے اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
سری لنکا میں ہونے والے ان مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کریں گے.