فیصل آباد: : انجمن تاجران سٹی فیصل آباد نے نئے مالی سال 2019-20ء کا بجٹ بزنس فرینڈلی اور ٹیکس فری پیش کرنے کی اپیل کی ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، ، چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ صنعتکاروں ، تاجروں ، کاروباری افراد ، درآمد و برآمد کنندگان اور صنعت و تجارت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ آواز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کا اعلان یقینی بنائیں گے جس سے معیشت مضبوط اور اقتصادی حالات مستحکم ہو سکیں۔
انجمن کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ تاجر برادری نے جو مثبت تجاویز اور آراء حکومت کو ارسال کی ہیں انہیں بجٹ میںشامل کرنے کا بھی اعلان کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ ، بالواسطہ ٹیکسوں اور سیلز ٹیکس کی شرح کم کر کے کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے جس کے ملکی خزانے پر بھی مثبت اور خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔