اسلام آباد: مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی سربراہی میں اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ’’میڈ ان پاکستان‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم ایک دن درآمدات کو سنگاپور اور کوریا کے لیول تک لے جائیں گے‘۔
عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت نے آتے ہیں ایف بی آر کی طرف سے عائد کی جانے والی سختیوں کا کم کیا تاکہ ملک میں سرمایہ کاری آسکے اور لوگوں کو کاروبار کے آسان مواقع مل سکیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ تمباکو کی کاشت اور ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے بھی حکومت اقدامات کررہی ہے، اسد عمر کا شکر گزار ہوں انہوں نے درآمدات کو بڑھانے کے لیے احسن اقدام کیا ۔
مشیرصنعت و تجارت کا کہنا تھا کہ چین سے مختلف ممالک سے برآمدات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، ہم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے ڈیوٹی میں کمی ا ور اصلاحات متعارف کرانے کے حوالے سے بھی بات کر رہے ہیں جو بھی ٹیرف لگایا جائے وہ ایک بجٹ تک نہیں بلکہ زیادہ عرصے کیلئے نافذ کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ بہت سی کمپنیوں کے ساتھ بیلنس شیٹ کو سامنے رکھ کر بات ہو رہی ہے ، ہم انڈسٹری کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم کی سربراہی میں وزارتِ خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام آپ کے مفاد میں ہی اقدامات کریں گے۔