اسلام آباد: رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران قومی درآمدات میں 7.96 فیصد کمی دیکھی گئی جس کی وجہ سے تجارتی خسارہ 13.2 فیصد کم ہوا ہے.
ادارہ برائے شماریات پاکستان (Pakistan Bureau of Statistics) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے دوران مجموعی ملکی درآمدات 60.1 ارب ڈالر رہیں جبکہ مالی سال 2016-17ء کے دوران 57.4 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔
یوں گزشتہ مالی سال کے دوران قومی درآمدات میں 4.7 فیصد یعنی 2.7 ارب ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے 9 ماہ میں جولائی تا مارچ کے دوران ملکی درآمدات میں 7.96 فیصد کمی ہوئی جس کی وجہ سے ملک کے تجارتی خسارہ میں 13.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
تجارتی خسارہ میں کمی کے حوالے سے قومی برآمدات میں 0.11 فیصد کے اضافہ سے بھی مدد حاصل ہوئی ہے۔
پی بی ایس کے مطابق مارچ 2019ء کے دوران تجارتی خسارہ میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور مارچ 2018ء کے مقابلہ میں مارچ 2019ء کے دوران قومی درآمدات میں 20.88 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے 9 ماہ (جولائی سے مارچ) کے دوران پاکستان کی خام تیل کی برآمدات میں 45.14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی سے مارچ 2018-19ءکے دوران خام تیل کی برآمدات 206.8 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 142.5 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں کے دوران خام تیل کی قومی برآمدات میں 64.3 ملین ڈالر یعنی 45 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے 9 ماہ کے دوران چمڑے سے بنے دستانوں کی ملکی برآمدات میں 22.02 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے.
گزشتہ مالی سال 2017-18ء میں جولائی تا مارچ کے دوران 17ہزار 344 ملین روپے مالیت کے چمڑے کے دستانے برآمد کئے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ کے دوران چمڑے کے دستانوں کی قومی برآمدات 21 ہزار 164ملین روپے مالیت تک پہنچ گئیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے پہلے 9 ماہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال2018-19ء کے اسی عرصہ کے دوران چمڑے کے دستانوں کی ملکی برآمدات میں 3 ہزار 820ملین روپے یعنی 22.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران جوتوں کی ملکی برآمدات میں 53.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ مالی سال 2017-18 ءکے دوران پاکستان میں تیار ہونے والے جوتوں کے 27لاکھ 78ہزار جوڑے برآمد کئے گئے تھے جن کی مجموعی مالیت 927 ملین روپے تھی. جبکہ رواں مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ کے دوران جوتوں کی ملکی برآمدات 33لاکھ 70ہزار جوڑوں تک بڑھ گئیں جن کی مجموعی مالیت 1 ہزار 426 ملین روپے تھی.
اس طرح گزشتہ مالی سال 2017-18ء میں جولائی تا مارچ کے مقابلہ میں رواں مالی سال 2018-19ءکے اسی عرصہ کے دوران متفرق جوتوں کی ملکی برآمدات میں 506 ملین روپے یعنی 53.83 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔