دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور کاروباری تعلقات کے فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے امریکی معاون وزیر ایلس ویلز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور کاروباری تعلقات کے فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ کے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے حوالے سے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور دونوں ممالک نے عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کے حوالے سے تحفظات ظاہر کئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہزاروں سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو قربان کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا خاتمہ کیا۔ ملاقات میں امن اور سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ ایلس ویلز نے افغانستان میں امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تعلقات میں وسعت دینے کے لئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک میں معاشی استحکام کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان میں معاشی استحکام کے لئے پالیسیز میں تعاون کا مقصد معاشی استحکام لانا ہے۔