واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے (IMF) نے کہا ہے کہ رواں برس امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران میں مہنگائی کی شرح 40 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے ایک سینیئر عہدیدار کے مطابق ایران پر عائد سخت ترین امریکی پابندیوں کی وجہ سے گزشتہ برس ایران کی اقتصادیات میں 3.9 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ رواں برس ایرانی معیشت 6 فیصد تک سکڑ سکتی ہے۔
امریکا نے ایران پر پابندیوں کے باوجود 8 ممالک کو ایرانی تیل خریدنے کی اجازت دے رکھی تھی تاہم 2 مئی کو یہ استثنیٰ بھی ختم ہو جائے گا۔ آئی ایم ایف کے مطابق اس چھوٹ کے خاتمے سے ایرانی معیشت کو مزید نقصان پہنچے گا.
دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔ ایران کے قومی ٹیلیویژن پر اپنے خطاب میں روحانی نے کہا کہ ایران کی تیل کی برآمدات کو صفر کرنا امریکا کا ایک غلط فیصلہ ہے اور ایران اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا آئندہ مہینوں میں دیکھ لے گا کہ ایران اپنی تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔