دبئی میں ہونے والی عالمی نمائش میں کم از کم 192 ممالک کی شرکت یقینی ہو چکی ہے
دُبئی میں دُنیا کی سب سے بڑی نمائش ایکسپو 2020ءکی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اس عالمی نمائش میں شرکت کے لاکھوں غیر مُلکی امارات کا رُخ کریں گے۔اس حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اسرائیل بھی اس عالمی نمائش میں شرکت کرے گا۔ایکسپو 2020ءکے منتظمین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس نمائش کے لیے دُنیا کے ہر مُلک کو دعوت دی گئی ہے، کیونکہ یہ حقیقی معنوں میں ایک انٹرنیشنل ایونٹ ہو گا۔
اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ اُن کے مُلک کو اس ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جس پر وہ بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ ایکسپو 2020ءکا آغاز اگلے سال 20 اکتوبر سے ہو گا جو 20 اپریل 2021ءتک جاری رہے گی۔ ایک اندازے کے مطابق اس عالمی نمائش میں اڑھائی کروڑ سے زائد غیر مُلکی دُنیا کے کونے کونے سے آئیں گے۔
اس نمائش سے امارات میں تجارتی اورمعاشی سرگرمیوں میں کئی گُنا اضافہ ہو گا ۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایکسپو 2020ءکی جانب سے اسرائیل کو مدعو کیے جانے کے فیصلے کو بہت سراہا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ تاہم متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے کچھ عرصہ قبل اسرائیلی کابینہ کے وزراءکو امارات مدعو کیا گیا تھا۔