اسلام آباد: پاکستان اور جنوبی کوریا نے 50کروڑ ڈالر مالیت کے فریم ورک ارینجمنٹ پر دستخط کئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو اور اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھی موجود تھے۔
بدھ کو سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد اور جمہوریہ کوریا کے پاکستان میں سفیر کاوک سنگ کیو نے اپنی اپنی حکومتوں کی طرف سے فریم ورک ارینجمنٹ پر دستخط کئے۔ فریم ورک ارینجمنٹ (2018-20ء) کے تحت جنوبی کوریا صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، زراعت، توانائی سمیت دیگر منصوبوں کے لئے 50کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
دریں اثناء جمہوریہ کوریا کے پاکستان میں سفیر نے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی اور دوطرفہ باہمی تعاون کو بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سرکاری اور نجی شعبہ کی سطح پر بہترین تعلقات موجود ہے۔ انہوں نے جمہوریہ کوریا کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے تعاون بڑھانے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
جمہوریہ کوریا کے سفیر نے کہا کہ فریم ورک ارینجمنٹ سے پاکستان کی نئی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور اقدامات کی پیش رفت میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فریم ورک ارینجمنٹ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ کوریا پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔