پاکستان اور ایران تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لےجانے پر متفق، رکاوٹیں دور کرنے پر زور

676

تہران: پاکستان اور ایران نے باہمی تجارتی حجم 2021ء تک 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا ہے.

ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق تہران میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے ایرانی وزیر صنعت، تجارت اور کان کنی رضا رحمانی سے ملاقات کی.

اس موقع پر رحمانی نے پاک ایران تجارتی تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے سرگرم اقتصادی کارکنوں کے درمیان بالخصوص سرحدی صوبوں میں مشترکہ شرکت داری کا مطالبہ کیا۔

فریقین نے ایران اور پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کو فعال کرنے اور مارکیٹوں کے فروغ کو سرحدی علاقوں کی توسیع میں اہم قرار دیا۔

اس کے علاوہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلہ سمیت مشترکہ تجارتی نمائشوں کے انعقاد اور مصنوعات کی مشترکہ پیداوار پر تعاون بھی دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے دیگرموضوعات تھے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر صنعت و تجارت نے اس سے پہلے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کی شرح کو 2021ء تک 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے جس کو حاصل کرنے کے لئے باہمی آزادانہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے اور بینکنگ تعلقات کی بحالی کی ضرورت ہے۔

علاوہ ازیں ایرانی وزیر صحت سعید نمکی نے وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کی موجودگی میں اپنے پاکستانی ہم منصب ظفر مرزا کے ساتھ صحت کے شعبے میں باہمی تعلقات بڑھانے کیلئے ایک باہمی معاہدے پر دستخط کیا.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here