اسلام آباد: حکومت نے ٹیکسٹائل اندسٹری کی ترقی کیلئے 44 ارب روپے جاری کردیے.
وزارت صنعت کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات بڑھانے کیلئے وزیراعظم پیکج کے تحت یہ رقم جاری کی گئی ہے.
اس پیکج کا مقصد ٹیکسٹائل کے شعبے میں درآمدات اور برآمدات کے بڑے فرق پر قابو پانا اور ایسی انڈسٹری کو فروغ دینا ہے جو برآمدات پر فوکس کرسکے اور اس شعبے میں قیمت کو کم کرنے والی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جاسکے.
انہوں نے کہا کہ پیکج کے تحت ابھی تک سٹیٹ بنک اف پاکستان کو 2 لاکھ 76 ہزار ریفنڈ کلیمز موصول ہو چکے ہیں جنہیں ساتھ ساتھ ہی نمٹایا جا رہا ہے. یہ پیکج 2016-17ء میں متعارف کرایا گیا تھا اور پہلے پانچ ماہ میں حکومت نے 5 ارب روپے جاری کیے تھے تاہم اگلے مالی سال یعنی 2017-18ء میں 26 ارب روپے واپس کیے گئے تھے.
عہدیدادر کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران حکومت نے 11 ارب روپے ادا کیے ہیں اور باقی 23 ارب روپے کے واجبات آئندہ کچھ ماہ میں ادا کردیے جائیں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پیکج کے ذریعے ہم ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے ہم ٹیکسٹائل کے شعبے کو مزید ترقی دینا چاہتے ہیں. حکومت کی بھی یہ ترجیح ہے کہ برآمدات بڑھائی جائیں اور وزگار پیدا کیا جائے.
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ میں ورکرز کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جا رہا ہے. چونکہ یہ شعبہ ملکی برآمدات کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کا حامل ہے اس لیے حکومت اسے ہر طرح کی سہولت دینے کو تیار ہے.