پاکستان اور چین کے مابین دوسرے فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط وزیراعظم عمران خان کے رواں ماہ دورہ چین کے موقع پر ہوں گے.
ایک چینی جریدے نے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق دائود کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں صنعتوں کے فروغ اور زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کیلئے چین مدد کریگا.
رزاق دائود نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کے بڑے درآمد کنندگان وزیراعظم کیساتھ بیجنگ جائیں گے جہاں وہ چینی کاروباری شخصیات سے ملیں گے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کریں گے، حالیہ بین الاقوامی تجارتی ماحول میں چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مابین تعاون کا سب سے موثر ذریعہ بن سکتی ہے.
یہ سب کو معلوم ہے کہ پاکستان کی کل برآمدات کا 60 فیصد حصہ ٹیکسٹائل سیکٹر سے آتا ہے اور پاکستان دنیا کے چند ممالک میں سے ہے جن کے پاس ایک مکمل ٹیکسٹائل ویلیو چین موجود ہے. پاکستان میں پہلی عالمی ٹیکسٹائل نمائش 2016ء میں ہوئی تھی.