لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی اور ادویات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں.
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کے گھریلو اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کردیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 133 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے.
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 41 روپے27 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور11.8 کلو گرام کا گھریلو سلنڈر اب 1563 روپے 92 پیسے میں دستیاب ہوگا جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں بھی 201 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے.
مارچ میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1522 روپے 64 پیسے تھی۔
ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں اضافہ کے باعث کیا گیا ہے. بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت اضافے کیساتھ 525 ڈالر سے بڑھ کر545 ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی۔
دوسری جانب ادویات کی قیمتوں میں بھی ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے جس کے مطابق بلڈ پریشر کی دوا میں 100فیصد سے زائد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے.
ایک مقامی اخبار نے ایک خبر ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ بلڈ پریشر کی دوا ایوسار پلس کی قیمت 180 روپے تھی اب وہ بڑھ کر 480 روپے ہوگئی ہے جبکہ ناروسک، ٹرائفوج، ایڈینال میں بھی 20 سے 30 فیصد کا اضافہ کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح کچھ ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے،ادویات کی مہنگے داموں فروخت نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے۔
واضح رہےکہ حکومت نے یکم اپریل کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 6 روپے تک اضافہ کیا ہے۔