کراچی: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے باعث اپریل میں پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں میں 12.8 فیصد اضافہ متوقع ہے.
جمعہ کو اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی ایک سمری میں اپریل سے ہائی سپیڈ ڈیزل 11.17 روپے فی لیٹر یا 10 فیصد اور پٹرول 11.98 روپے فی لیٹر یا 12.8 فیصد مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے.
اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت 6.65 روپے فی لٹر (7.7 فیصد) اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6.49 روپے فی لٹر (8.4 فیصد) بڑھانے کی سفارش بھی کی ہے.
اگر حکومت اوگرا کی ان تجاویز کو مان لیتی ہے تو ڈیزل موجودہ قیمت 111.43 روپے فی لٹر سے بڑھ کر 122.60 روپے فی لٹر، پٹرول 92.89 روپے فی لٹر سے 104.80 روپے فی لٹر، لائٹ ڈیزل 77.54 روپے فی لٹر سے 84.03 روپے فی لٹر اور مٹی کا تیل 86.31 روپے سے 92.96 روپے فی لٹر مہنگا ہو جائے گا.
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد فنانس ڈویژن نئی قیمتوں کا اعلان کریگی.